مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ آداب کا بیان۔ ۔ حدیث 811

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے وعدہ کا حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی طرف سے ایفاء

راوی:

وعن ابی جحیفۃ قال رایت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ابیض قد شاب و کان الحسن بن علی یشبھہ وامر لنا بثلثۃ عشر قلوصا فدھبنا نقبضھا فاتانا موتہ فلم یعطونا شیئا فلما قام ابو بکر قال من کانت لہ عند رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عدۃ فلیجئ فقمت الیہ فاخبرتہ فامر لنا بھا۔(رواہ الترمذی)

" حضرت ابوجحیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ کو اس حال میں دیکھا کہ آپ کا رنگ سرخی مائل سفید تھا اور آپ پر بڑھاپا ظاہر ہو چکا تھا اگرچہ آپ کے سر اور ڈارھی کے بال سفید نہیں تھے اور حضرت حسن بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ جسم کے اوپر کے حصہ کے اعتبار سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت مشابہ تھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ہماری جماعت کو تیرہ اونٹیناں دیئے جانے کا حکم فرمایا تھا چنانچہ ہم ان اونٹنیوں کو لینے گئے تو اسی دوران ہمیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کی خبر ملی اور ہمیں کچھ بھی نہیں دیا گیا پھر جب حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ خلیفہ اول قرار پائے اور خطبہ دینے کے لئے آ کھڑے ہوئے تو فرمایا کہ جس شخص سے رسول اللہ نے کچھ دینے کا وعدہ فرمایا ہو اس کو چاہیے کہ وہ ہمارے پاس آئے میں حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ ارشاد سن کر سامنے جا کھڑا ہوا اور ان کو اس بارے میں بتایا کہ رسول اللہ نے ہمیں تیرہ اونٹنیاں دینے کا وعدہ فرمایا تھا چنانچہ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہمیں تیرہ اونٹنیاں دینے کا حکم فرمایا۔ (ترمذی)

یہ حدیث شیئر کریں