مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ آداب کا بیان۔ ۔ حدیث 798

برائی سکھانے سے چپ رہنا بہتر ہے۔

راوی:

وعن عمران بن حطان قال أتيت أبا ذر فوجدته في المسجد محتبيا بكساء أسود وحده . فقلت يا أبا ذر ماهذه الوحدة ؟ فقال سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول الوحدة خير من جليس السوء والجليس الصالح خير من الوحدة وإملاء الخير خير من السكوت والسكوت خير من إملاء الشر

" اور حضرت عمران ابن حطان (تابعی) کہتے ہیں کہ ایک دن میں حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوا تو ان کو مسجد میں پایا اس وقت وہ ایک کالی کملی لپیٹے ہوئے تنہا بیٹھے ہوئے تھے میں نے عرض کیا ابوذر یہ تنہائی کیوں اختیار کر رکھی ہے۔ حضرت ابوذر رضی اللہ علیہ نے جواب دیا کہ میں نے رسول اللہ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ برے ہم نشینوں کے ساتھ بیٹھنے سے تنہا بیٹھنا بہتر ہے اور تنہا بیٹھنے سے نیک ہم نشینوں کے ساتھ بیٹھنا بہتر ہے نیز چپ رہنے سے بھلائی کا سکھانا بہتر ہے برائی سکھانے سے چپ رہنا بہتر ہے ۔

تشریح
حضرت ابوذر رضی اللہ علیہ کا مطلب یہ تھا کہ اس وقت چونکہ وہ خاص رفقاء اور ہم نشین یہاں موجود نہیں ہیں جن کی نیکیوں، سلامتی طبع اور پاکیزہ صحبت کا جویا ہونا چاہیے اور جن پر مجھے اعتماد بھروسہ ہو سکتا ہے اس لئے میں نے یہی بہتر سمجھا کہ یہاں چپ چاپ اور تنہا بیٹھا رہوں، ہاں جب ایسے لوگ موجود ہوں تو ان کے ساتھ بیٹھ جاتا ہوں۔

یہ حدیث شیئر کریں