مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ آداب کا بیان۔ ۔ حدیث 643

آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب مجلس سے اٹھتے تو صحابہ کرام کھڑے ہو جاتے تھے۔

راوی:

عن أبي هريرة قال كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يجلس معنا في المسجد يحدثنا فإذا قام قمنا قياما حتى نراه قد دخل بعض بيوت أزواجه .

" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں ہمارے ساتھ بیٹھتے اور باتیں کیا کرتے پھر جب مجلس سے آپ اٹھتے تو ہم بھی کھڑے ہو جاتے تھے اور دیر تک کھڑے رہتے یہاں تک کہ ہم دیکھتے کہ آپ اپنی ازواج مطہرات میں سے کسی ایک کے گھر میں تشریف لے گئے۔

تشریح
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب مجلس سے اٹھتے تو اس وقت صحابہ کا کھڑا ہونا احترام کھڑے ہو جانا کے طور پر نہیں تھا بلکہ مجلس کے برخاست ہو جانے کی وجہ سے ہوتا تھا اور ظاہر بھی ہے کہ جب صحابہ رضی اللہ عنہم آپ کی تشریف آوری کے وقت نہیں کھڑے ہوتے تھے تو جانے کے وقت کیوں کھڑے ہوتے تھے رہی یہ بات کہ اس وقت صحابہ دیر تک کیوں کھڑے رہتے تھے تو اس کی وجہ شاید یہ ہوگی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جب مجلس سے اٹھ کر جانے لگتے تو صحابہ کرام اس انتظار میں رک جاتے کہ شاید آپ کسی کام کے لئے فرمائیں گے یا یہ امید ہوتی تھی کہ آپ دوبارہ تشریف لائیں گے اور مجلس برقرار رہے گی لیکن جب یہ امید ختم ہو جاتی تو صحابہ رضی اللہ عنہم اپنی اپنی راہ پکڑتے۔

یہ حدیث شیئر کریں