مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ آداب کا بیان۔ ۔ حدیث 593

ضرورت کے تحت غیر مسلم قوموں کی زبان سیکھنا جائز ہے

راوی:

وعنه قال أمرني رسول الله صلى الله عليه وسلم أن أتعلم السريانية . وفي رواية إنه أمرني أن أتعلم كتاب يهود وقال إني ما آمن يهود على كتاب . قال فما مر بي نصف شهر حتى تعلمت فكان إذا كتب إلى يهود كتبت وإذا كتبوا إليه قرأت له كتابهم . رواه الترمذي . ( حسن )

" اور حضرت زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو یہ حکم دیا کہ میں سریانی زبان کو سیکھوں اور ایک روایت میں یوں ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ کو حکم دیا کہ میں یہودیوں سے خط وکتابت کرنا سیکھ لوں نیز آپ نے فرمایا کہ خط و کتابت کے معاملہ میں مجھے یہودیوں پر اطمینان نہیں ہوتا زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حکم کے بعد آدھا مہینہ بھی نہ گزرنے پایا تھا کہ میں نے یہودیوں کی زبان اور ان سے خط وکتابت کرنا سیکھ لیا چنانچہ جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم یہودیوں کو کوئی مکتوب بھیجنا چاہتے تو اس کو میں ہی لکھتا اور جب یہودی آپ کے پاس کوئی مکتوب بھیجتے تو اس کو آپ کی خدمت میں ہی پڑھتا۔ (ترمذی )

تشریح
سریانی دنیا کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک زبان ہے جس میں تورات نازل ہوئی تھی لیکن اکثر محققین کا قول یہ ہے کہ تورات عبرانی زبان میں نازل ہوئی تھی اور سریانی اور عبرانی زبان دونوں ملتی جلتی ہیں۔
" مجھے یہودیوں پر اطمینان نہیں ہوتا " کا مطلب یہ ہے کہ ایسا کوئی مسلمان نہیں ہے جو یہودیوں کی زبان جانتا ہو اس لئے یہودیوں کے ساتھ خط و کتابت کے لئے مجھے کسی یہودی ہی کا سہارا لینا پڑتا ہے اور اس صورت میں مجھے اس بات کا خطرہ ہے کہ اگر یہودیوں کے نام اپنا کوئی خط کسی یہودی سے لکھواؤں تو وہ اس میں اپنی طرف سے کچھ کمی بیشی نہ کر دے، اسی طرح اگر یہودیوں کی طرف سے میرے پاس کوئی خط آئے اور میں اس کو کسی یہودی سے پڑھواؤں تو وہ اس میں اپنی طرف سے کم یا زیادہ کر کے نہ پڑھ دے اس سے معلوم ہوا کہ ضرورت کے تحت غیر مسلم اقوام کی زبان سیکھنا جائز ہے بلاضرورت سیکھنا جائز نہیں کیونکہ اس صورت میں غیر مسلم کے ساتھ مشابہت اختیار کرنا لازم آتا ہے اور یہ چیز ممنوع ہے جیسا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا آیت (من تشبہ بقوم فھو منھم)۔ جو شخص جس قوم کی مشابہت اختیار کرے گا وہ اسی قوم میں شمار ہوگا بلکہ یحییٰ نے بلاضرورت سیکھنے کو حرام لکھا ہے۔

یہ حدیث شیئر کریں