مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ طب کا بیان ۔ حدیث 500

شہد کی فضیلت

راوی:

وعن عبد الله بن مسعود قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم عليكم بالشفاءين العسل والقرآن . رواهما ابن ماجه والبيهقي في شعب الإيمان وقال والصحيح أن الأخير موقوف على ابن مسعود .

اور حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔شفا دینے والی دونوں چیزوں کو اپنے اوپر لازم کر لو، ایک تو شہد دوسرے قرآن ۔ ان دونوں روایتوں کو ابن ماجہ اور بہیقی نے شعب الایمان میں نقل کیا ہے نیز بہیقی نے کہا ہے کہ صحیح یہ ہے کہ دوسری حدیث (یعنی علیکم بالشائین ) مرفوع (آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ) نہیں ہے بلکہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر موقوف ہے یعنی ان کا اپنا قول ہے ۔"

تشریح
شہد کی یہ فضیلت اس لئے ہے کہ اس میں شفا کا ہونا قرآن کریم سے ثابت ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے فیہ شفاء للناس ۔ یعنی اس میں لوگوں کے لئے شفا ہے اور خود قرآن مجید بھی کائنات انسانی کے لئے شفاء و رحمت ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا آیت (ھدی و شفاء الما فی الصدور) (یعنی یہ قرآن دلوں کی بیماریوں کے لئے ہدایت اور شفا ہے ) لیکن ان دونوں میں فرق یہ ہے کہ شہد تو محض ظاہری جسمانی بیماریوں کے لئے شفا ہے جب کہ قرآن کریم ظاہر و باطن یعنی جسم و روح دونوں کی بیماریوں کے لئے شفا ہے اسی لئے قرآن کریم کے حق میں ہدی وشفآء فرمایا گیا ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں