مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ شکار کا بیان ۔ حدیث 47

خرگوش حلال ہے

راوی:

وعن أنس قال : أنفجنا أرنبا بمر الظهران فأخذتها فأتيت بها أبا طلحة فذبحها وبعث رسول الله صلى الله عليه و سلم بوركها وفخذيها فقبله

" اور حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ ( ایک دن ) ہم نے مقام مرالظہران میں ( شکار کے لئے ) ایک خرگوش کا تعاقب کیا چنانچہ میں نے ( دوڑ کر ) اس کو پکڑ لیا اور پھر اس کو ابوطلحہ کے پاس لایا ۔ ابوطلحہ نے اس کو ذبح کیا اور اس کا ایک سرین اور دونوں رانیں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بھیجیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو قبول فرما لیا ۔ " ( بخاری ومسلم )

تشریح
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ خرگوش ایک حلال جانور ہے کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا گوشت قبول فرمایا اگر اس کا گوشت کھانا حلال نہ ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کو قبول نہ فرماتے بلکہ دوسرے کو بھی اس کے کھانے سے منع فرماتے ۔ چنانچہ کتاب الرحمۃ فی اختلاف الائمۃ میں لکھا ہے کہ بالاتفاق تمام علماء کے نزدیک خرگوش حلال ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں