چلتے پھرتے کھانا اور کھڑے ہو کر پینا اصل کے اعتبار سے جائز ہے
راوی:
عن ابن عمر قال : كنا نأكل على عهد رسول الله صلى الله عليه وسلم ونحن نمشي ونشرب ونحن قيام . رواه الترمذي وابن ماجه والدارمي وقال الترمذي : هذا حديث حسن صحيح غريب
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں (ایسا بھی ہوتا تھا کہ ) ہم چلتے پھرتے کھاتے تھے اور کھڑے ہونے کی حالت میں (پانی وغیرہ ) پی لیا کرتے تھے (ترمذی، ابن ماجہ ، دارمی ) اور ترمذی نے کہا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے ۔"
تشریح
علماء نے کہا ہے کہ چلتے پھرتے کھانا اور کھڑے ہو کر پینا اصل میں تو جائز ہیں لیکن زیادہ بہتر اور پسندیدہ بات یہ ہے کہ چلتے پھرتے ہوئے کھانے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ یہ خلاف ادب ہے یہی بات کھڑے ہو کر پانی پینے کی بھی ہے ، جیسا کہ پہلے گزر چکا ہے ۔