مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ پینے کی چیزوں کا بیان ۔ حدیث 202

کھڑے ہو کر پانی مت پیو

راوی:

وعن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه وسلم : " لا يشربن أحد منكم قائما فمن نسي منكم فليستقئ " . رواه مسلم

اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " تم میں سے کوئی شخص کھڑا ہو کر نہ پئے اگر کسی شخص نے بھول سے کھڑے ہو کر پی لیا تو اس کو چاہئے کہ وہ قے کر ڈالے ۔" (مسلم )

تشریح
حدیث میں قے کر ڈالنے کا جو امر (حکم ) بیان کیا گیا ہے وہ وجوب کے طور پر نہیں ہے بلکہ بطریق استحباب ہے، چنانچہ اس حدیث کی صراحت کے مطابق اگر کسی شخص نے بھول سے کھڑے ہو کر پانی پیا ہے تو اس کے لئے یہ مستحب ہے وہ قے کر ڈالے ۔
قاضی نے کہا ہے کہ کھڑے ہو کر پانی پینے کی یہ ممانعت اصل میں اولی و بہتر طریقہ (یعنی بیٹھ کر پانی پینے ) کی تلقین اور اس کے خلاف پر تادیب و تنبیہ کے طور پر ہے نہ کہ یہ ممانعت نہی تحریمی کے طور پر ہے حاصل یہ کہ اس ارشاد سے یہ نہ سمجھا جائے کہ کھڑے ہو کر پانی پینا حرام ہے اس اعتبار سے یہ حدیث اس روایت کے منافی نہیں ہو گی جس میں یہ نقل کیا گیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک یا دو مرتبہ اس کے برخلاف عمل کیا ہے ۔

یہ حدیث شیئر کریں