مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ رونے اور ڈرنے کا بیان ۔ حدیث 1266

نفاق کی برائی نہایت خوفناک ہے

راوی:

وعن عمر
بن الخطاب عن النبي صلى الله عليه وسلم قال إنما أخاف على هذه الأمة كل منافق يتكلم بالحكمة ويعمل بالجور روى البيهقي الأحاديث الثلاثة في شعب الإيمان .

حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ میں اس امت (یعنی امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کے بارے میں جس چیز سے ڈرتا ہوں وہ ہر منافق (یعنی ریا کار یا فاسق) کا شر ہے جو باتیں تو علم وحکم اور موعظت ونصیھت کی کرتا ہے ، لیکن کام ظلم و زیادتی اور ناراستی کے کرتا ہے۔ ان تینوں روایتوں کو بیہقی نے شعب الایمان میں نقل کیا ہے۔

تشریح
یہ ان لوگوں کی خصلت بتائی گئی ہے جو لوگوں کو دیکھا نے کے لئے باتیں تو بڑی اچھی اچھی کرتے ہیں مگر خود ان باتوں پر عمل کرتے نہیں اور اسی چیز کو نفاق کہا جاتا ہے۔ چنانچہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں اپنی امت کے حق میں ایسے ہی لوگوں کے وجود اور اس کی بری خصلت سے ڈرتا ہوں کہ مبادا اس قسم کے لوگ میری امت میں پیدا ہو جائیں گے اور بری خصلت اس امت محمدیہ کے درمیان راہ پا کر مسلمانوں کو فتنہ وفساد اور آلام ومصائب میں مبتلا کر دے۔

یہ حدیث شیئر کریں