موت سے کسی لمحہ غافل نہ ہونا چاہئے
راوی:
وعن ابن عباس أن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان يهريق الماء فيتيمم بالتراب فأقول يا رسول الله إن الماء منك قريب يقول ما يدريني لعلي لا أبلغه . رواه في شرح السنة وابن الجوزي في كتاب الوفاء
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ کبھی ایسا ہوتا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیشاب کرنے کے بعد اور وضو کرنے سے پہلے مٹی سے تیمم کر لیتے ، میں (یعنی ابن عباس رضی الہ عنہ یہ دیکھ کر ) عرض کرتا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پانی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بہت قریب ہے (یعنی جب پانی آپ کی دسترس سے اتنا دور نہیں ہے کہ وضو کر سکتے ہیں تو پھر تیمم کیوں کرتے ہیں؟ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میری اس بات کے جواب میں فرماتے ۔ مجھے کیا معلوم کہ میں اس پانی تک پہنچ بھی سکوں گا یا نہیں؟ اس روایت کو بغوی نے شرح السنہ میں اور ابن جوزی نے کتاب الوفاء میں نقل کیا ہے۔
تشریح
یعنی مجھے یہ تو معلوم نہیں کہ میری عمر کتنی ہے اور ہر لمحہ موت متوقع ہے اس لئے میں ڈرتا ہوں کہ پیشاب کرنے کے بعد مجھے اتنی مہلت بھی نہ ملے کہ پانی تک پہنچ کر وضو کر سکوں۔ لہٰذا فوری طور پر تیمم کر لیتا ہوں تاکہ ایک طرح کی طہارت تو حاصل رہے۔