آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کسی کھانے کو برا نہیں کہتے تھے
راوی:
وعن أبي هريرة قال : ما عاب النبي صلى الله عليه وسلم طعاما قط إن اشتهاه أكله وإن كرهه تركه
اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی بھی کسی کھانے کو برا نہیں کہا اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو رغبت ہوتی تو اس کو کھا لیتے اور اگر ناپسند فرماتے تو اس کو چھوڑ دیتے ۔" (بخاری ومسلم )
تشریح
مطلب یہ ہے کہ کھانے کی چیزوں کے سلسلہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ معمول تھا جو چیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پسندیدہ ہوتی، اس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم رغبت کے ساتھ کھا لیتے، اور جو چیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مرغوب و پسندیدہ نہ ہوتی تھی، اس کو نہیں کھاتے تھے، یہ نہیں تھا کہ جو چیز پسندیدہ نہ ہوتی اس کو برا کہتے اس میں عیب نکالتے ۔