مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ کھانوں کے ابواب ۔ حدیث 103

تین انگلیوں سے کھانا اور انگلیاں چاٹنا سنت ہے

راوی:

وعن كعب بن مالك قال : كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يأكل بثلاثة أصابع ويلعق يده قبل أن يمسحها . رواه مسلم

اور حضرت کعب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تین انگلیوں سے ( یعنی انگوٹھے شہادت کی انگلی اور بیچ کی انگلی کے ساتھ ) کھانا کھایا کرتے اور ( کھانے سے فراغت کے بعد ) اپنا ہاتھ ( کسی رومال وغیرہ سے ) پونچھنے ( یا دھو نے ) سے پہلے چاٹ لیا کرتے تھے (مسلم )

تشریح
نووی کہتے ہیں کہ انگلیوں سے کھانا سنت ہے لہذا ان تینوں کے ساتھ چوتھی اور پانچویں انگلی نہ ملائی جائے الاّ یہ کہ چوتھی اور پانچویں انگلی کو ملانا ضروی ہو ۔
ہاتھ کو چاٹنے" سے مراد یہ ہے کہ جن انگلیوں سے کھاتے تھے ان کو چاٹ لیا کرتے تھے چنانچہ پہلے بیچ کی انگلی کو چاٹتے پھر اس کے پاس کی انگلی کو پھر انگوٹھے کو چاٹتے تھے ۔
طبرانی نے عامر بن ربیعہ سے اس طرح نقل کیا ہے کہ أنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تین انگلیوں سے کھاتے تھے اور ان کی مدد کے لئے چوتھی انگلی بھی ملا لیا کرتے تھے ! نیز ایک حدیث مرسل میں یوں بیان کیا گیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پانچ انگلیوں سے کھاتے تھے ۔' ' یا تو یہ پتلی چیز کھانے پر محمول ہے یہ کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیان جواز کی خاطر کبھی کبھی اس طرح بھی کھاتے تھے ، لیکن اکثر اوقات تین ہی انگلیوں سے کھانے کی عادت تھی ۔
بعض روایت میں یمسحہا کے بعد بشئی کا لفظ بھی منقول ہے اور یہ الفاظ بھی نقل کئے گئے ہیں کہ ثم یغسلہا یعنی (ہاتھ کو چاٹتے اور ) پھر اس کو دھو لیتے ۔

یہ حدیث شیئر کریں