مشکوۃ شریف ۔ جلد چہارم ۔ کھانے کا بیان ۔ حدیث 101

دائیں ہاتھ سے کھانا پینا چاہئے

راوی:

وعن ابن عمر قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " إذا أكل أحدكم فليأكل بيمينه وإذا شرب فليشرب بيمينه " . رواه مسلم

" اور حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " جب تم میں سے کوئی شخص کھانا کھائے ، تو داہنے ہاتھ سے کھائے اور جب کوئی چیز پئے ، تو دائیں ہاتھ سے پئے یعنی پانی وغیرہ کا برتن داہنے ہاتھ سے پکڑے ۔ " ( مسلم )

تشریح
اس حدیث میں جو حکم دیا گیا ہے وہ بظاہر وجوب کے لئے ہے ۔ جیسا کہ بعض علماء کا مسلک ہے اس کی تائید صحیح مسلم کی اس روایت سے بھی ہوتی ہے جس کو سلمہ ابن اکوع رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیان کیا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو بائیں ہاتھ سے کھاتے دیکھا تو فرمایا کہ دائیں ہاتھ سے کھاو اس شخص نے کہا کہ میں داہنے ہاتھ سے کھانے کی قدرت نہیں رکھتا ( راوی کا بیان ہے کہ اس شخص کا داہنا ہاتھ درست تھا ، اس نے محض تکبر سے یہ الفاظ کہے ) آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ( اللہ کرے ) تجھے داہنے ہاتھ سے کھانے کی طاقت نصیب نہ ہو ۔ چنانچہ اس کے بعد وہ شخص ( کبھی بھی ) اپنا داہنا ہاتھ اپنے منہ کی طرف نہیں اٹھا سکا اس طرح طبرانی نے یہ روایت نقل کی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ( ایک دن ) سلبیہ اسلمیہ کو بائیں ہاتھ سے کھانا کھاتے دیکھا تو اس کے لئے بد دعا فرمائی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ طاعون میں مبتلا ہو کر مر گئی ! تاہم جمہور علماء جن کے نزدیک دائیں ہاتھ سے کھانا کھانے کا حکم وجوب کے طور پر نہیں ہے بطریق استحباب ہے وہ ان روایتوں کو زجر و تنبیہ اور مصالح شریعت پر محمول کرتے ہیں ۔

یہ حدیث شیئر کریں