شراب کن چیزوں سے بنتی ہے
راوی:
عن أبي هريرة عن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " الخمر من هاتين الشجرتين : النخلة والعنبة " . رواه مسلم
(2/328)
3635 – [ 2 ] ( صحيح )
وعن ابن عمر رضي الله عنهما قال : خطب عمر رضي الله عنه على منبر رسول الله صلى الله عليه و سلم فقال : " إنه قد نزل تحريم الخمر وهي من خمسة أشياء : العنب والتمر والحنطة والشعير والعسل والخمر ما خامر العقل " . رواه البخاري
حضرت ابوہریرہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " شراب ان دو درختوں یعنی انگور اور کھجور سے بنتی ہے ۔" (مسلم )
تشریح :
مراد یہ ہے کہ اکثر انہی دو چیزوں سے شراب بنتی ہے ، گویا یہاں حصر یعنی یہ ظاہر کرنا مراد نہیں ہے کہ شراب بس انہی دو چیزوں سے بنتی ہے کیونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد ہے کہ کل مسکر خمر ، یعنی ہر نشہ آور چیز شراب ہے چنانچہ اس ارشاد میں جو عمومیت ہے اس سے بھی یہی واضح ہوتا ہے ۔
اور حضرت ابن عمر کہتے ہیں کہ (ایک دن ) حضرت عمر فاروق نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منبر پر (کھڑے ہو کر ) خطبہ دیا ارشاد فرمایا کہ " شراب کی حرمت نازل ہوگئی ہے اور شراب پانچ چیزوں سے بنتی ہے یعنی انگور سے ، کھجور سے ، گیہوں سے، جو سے ، اور شہد سے ، اور شراب وہ ہے جو عقل کو ڈھانپ لے ۔" (بخاری )
تشریح :
علماء نے وضاحت کی ہے کہ حضرت عمر نے " اور شراب وہ ہے جو عقل کو ڈھانپ لے ۔" کے ذریعہ اس طرف اشارہ کیا کہ شراب کا انحصار انہی پانچ چیزوں میں نہیں ہے بلکہ ان کے علاوہ کسی بھی چیز سے بنا ہوا ہر وہ مشروب ، شراب ہے جس میں نشہ ہو اور اس کے پینے سے عقل وشعور پر پردہ پڑ جاتا ہو ۔