نکاح آدھا دین ہے
راوی:
وعن أنس قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " إذا تزوج العبد فقد استكمل نصف الدين فليتق الله في النصف الباقي "
اور حضرت انس کہتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس بندہ نے نکاح کیا اس نے اپنا آدھا دین پورا کر لیا اب اسے چاہئے کہ باقی آدھے کے بارے میں اللہ سے ڈرے۔
تشریح :
انسان کے جسم میں دو چیزیں ایسی ہیں جو عام طور پر دین میں فساد و نقصان کا سبب بنتی ہی یعنی شرمگاہ اور پیٹ لہذا حدیث کا مطلب یہ ہے کہ جب کسی شخص نے نکاح کر کے شرمگاہ کے فتنہ وفساد سے نجات پائی تو اب اسے چاہئے کہ پیٹ کے فتنے و فساد کو دور کرنے کے بارے میں اللہ سے ڈرتا رہے یعنی حلال کمائی اور حلال رزق ہی کے ذریعہ اپنا اور اپنے اہل وعیال کا پیٹ بھرے تا کہ دین کی بھلائی پوری حاصل ہو۔