وہ تین شخص جن کی اللہ تعالیٰ ضرور مدد کرتا ہے
راوی:
عن أبي هريرة أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : " ثلاثة حق على الله عونهم : المكاتب الذي يريد الأداء والناكح الذي يريد العفاف والمجاهد في سبيل الله " . رواه الترمذي والنسائي وابن ماجه
حضرت ابوہریرہ راوی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ایسے تین شخص ہیں جن کی مدد اللہ پر اس کے وعدہ کے مطابق واجب ہے ایک تو وہ مکاتب جو اپنا بدل کتابت ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہو دوسرا وہ نکاح کرنیوالا شخص جو حرام کاری سے بچنے کی نیت رکھتا ہو اور تیسرا اللہ کے راستہ میں جہاد کرنیوالا۔
تشریح :
مکاتب اس غلام کو کہتے تھے جس کا آقا اس سے یہ کہہ دیتا تھا کہ اگر تم مجھے اتنا روپیہ کما کر دیدو گے تو تم آزاد ہو جاؤ گے ۔ اسی طرح روپیہ کی وہ مقدار جو اس غلام کا آقا آزادی کے لئے ضروری قرار دیتا تھا بدل کتابت کہلاتی تھی۔