مشکوۃ شریف ۔ جلد سوم ۔ شفعہ کا بیان۔ ۔ حدیث 186

غیرمنقولہ جائداد کو بلا ضرورت بیچنا مناسب نہیں ہے

راوی:

عن سعيد بن حريث قال : سمعت رسول الله صلى الله عليه و سلم يقول : " من باع منكم دارا أو عقارا قمن أن لا يبارك له إلا أن يجعله في مثله " . رواه ابن ماجه والدارمي

حضرت سعید بن حریث کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ تم میں سے جو شخص اپنا مکان یا زمین فروخت کرے تو مناسب یہ ہے کہ اس کی قیمت میں برکت نہ ہو الاّ یہ کہ وہ اس قیمت کو اس ہی جیسی جائیداد کی خریداری میں صرف کرے (ابن ماجہ دارمی)

تشریح :
مطلب یہ ہے کہ غیرمنقولہ جائیداد مثلا مکانات اور زمین کو بلا ضرورت بیچنا اور اس سے حاصل ہونیوالی قیمت سے منقولہ اشیاء خریدنا غیرمستحب اور غیرمناسب ہے کیونکہ غیرمنقولہ جائیداد میں منافع بھی بہت ہیں اور اس کے اتلاف ونقصان کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں جیسے اسے کوئی چور چرا نہیں سکتا اور کوئی لٹیرا لوٹ کر نہیں جا سکتا بخلاف اشیاء منقولہ کے کہ ان کی چوری کا ہر وقت خوف رہتا ہے لہذا عقل ودانش کا تقاضہ یہی ہونا چاہئے کہ بلا ضرورت غیرمنقولہ جائیداد کو فروخت نہ کیا جائے اگر فروخت ہی کیا جائے تو اس کی قیمت کو دوسرے مکانات وزمین کی خریداری میں صرف کیا جائے۔

یہ حدیث شیئر کریں