مشکوۃ شریف ۔ جلد سوم ۔ افلاس اور مہلت دینے کا بیان ۔ حدیث 141

حرام چیزوں میں صلح ناجائز ہے

راوی:

وعن عمرو بن عوف المزني عن النبي صلى الله عليه و سلم قال : " الصلح جائز بين المسلمين إلا صلحا حرم حلالا أو أحل حراما والمسلمون على شروطهم إلا شرطا حرم حلالا أو أحل حراما " . رواه الترمذي وابن ماجه وأبو داود وانتهت روايته عند قوله " شروطهم "

اور حضرت عمر بن عوف مزنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مسلمانوں کے درمیان صلح جائز ہے ہاں وہ صلح جائز نہیں ہے جو حلال چیز کو حرام یا حرام چیز کو حلال کر دے اور مسلمان اپنی شرطوں پر ہیں ( یعنی مسلمان صلح وجنگ یا ان کے علاوہ دوسرے معاملات میں آپس میں جو شرطیں یعنی عہد وپیمان کرتے ہیں ان کی پاسداری وپابندی ضروری ہے) ہاں اس شرط کی پابندی جائز نہیں ہے جو حلال کو حرام یا حرام کو حلال کر دے (ترمذی ابن ماجہ)

تشریح :
ناجائز صلح کی مثال یہ ہے کہ مثلًا کوئی شخص اس بات پر صلح کرے کہ میں بیوی کی سوکن سے جماع نہیں کروں گا یہ صلح درست نہیں ہے کیونکہ اس میں ایک ایسی چیز کو اپنے اوپر حرام کر لینا لازم آتا ہے جو بالکل جائز اور حلال ہے اسی طرح وہ صلح بھی جائز نہیں ہے جو حرام چیز کو حلال کر دے مثلًا کوئی اس بات پر صلح کرے کہ میں شراب پیوں گا یا سور کھاؤں گا اس میں ایک چیز کو اپنے لئے حلال سمجھ لینا ہے جو قطعًا حرام ہے۔
جس طرح کی پاسداری وپابندی جائز نہیں ہے اس کی مثال یہ ہے کہ مثلًا کوئی شخص اپنی بیوی سے یہ شرط وعہد کر لے کہ میں اپنی لونڈی سے جماع نہیں کروں گا اس میں ایک ایسی چیز کو اپنے اوپر حرام کر لینے کی شرط ہے جو حلال ہے یا مثلًا کوئی اس بات کی شرط کرے کہ میں اپنی بیوی کی موجودگی میں اس کی بہن سے شادی کر لوں گا اس شرط وعہد کی پاسداری بھی درست نہیں ہے کیونکہ اس میں ایک ایسی چیز کو اپنے لئے حلال قرار دے لینا لازم آتا ہے جو قطعًا حرام ہے۔
بظاہر یہ حدیث اس باب سے کوئی تعلق نہیں رکھتی لیکن چونکہ مؤلف کتاب نے اس حدیث کو یہاں نقل کیا ہے اس لئے کہا جائے گا کہ خرید وفروخت کے معاملات میں مفلس ودیوالیہ ہو جانے کے وقت اکثر صلح وشرائط کی نوبت آتی ہے اس لئے اس مناسبت سے اس حدیث کو یہاں نقل کیا ہے

یہ حدیث شیئر کریں