عورتوں کی بیعت
راوی:
وعن عائشة قالت في بيعة النساء : إن رسول الله صلى الله عليه و سلم كان يمتحنهن بهذه الآية : ( يا أيها النبي صلى الله عليه و سلم إذا جاءك المؤمنات يبايعنك )
فمن أقرت بهذا الشرط منهن قال لها : " قد بايعتك " كلاما يكلمها به والله ما مست يده يد امرأة قط في المبايعة
" اور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا عورتوں کی بیعت کے بارے میں فرماتی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ان عورتوں کو ( جو مکہ سے آتیں اور قبولیت اسلام کا اظہار کرتیں ) اس آیت کریمہ کی روشنی میں پرکھتے تھے آیت (يٰ اَيُّهَا النَّبِيُّ اِذَا جَا ءَكَ الْمُؤْمِنٰتُ يُبَايِعْنَكَ ) 60۔ الممتحنہ : 12) اے نبی ! جب مؤمن عورتیں آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے پاس بیعت کے لئے حاضر ہوں الخ : ۔ چنانچہ ان میں سے جو عورت اس آیت میں مذکورہ شرائط کو ماننے کا اقرار کرتی آپ اس سے فرماتے کہ " میں نے تم کو بیعت کیا ۔ " درآنحالیکہ آپ گفتگو کرتے اور عورت سے یہ بات فرماتے مگر اللہ کی قسم ! کبھی ایسا نہیں ہوا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی عورت کو بیعت کیا ہو اور اس کے ہاتھ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ نے چھوا ہو ۔ " ( بخاری و مسلم )
تشریح :
" اس آیت کریمہ کی روشنی میں پرکھتے تھے ۔ " یعنی اس آیت میں عورتوں کے لئے جن احکام کی پابندی کو بیعت کی شرط قرار دیا گیا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان عورتوں سے ان احکام پر عمل کرنے کا عہد کر تے جب وہ عہد و اقرار کرتیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو بیعت کرتے چنانچہ اس پوری آیت کا مفہوم و مضمون یہ ہے کہ مسلمان عورتیں ان شرائط پر ( یعنی ان احکام پر عمل کرنے کی ) بیعت کریں کہ وہ ( عورتیں ) کسی ذات اور کسی چیز کو اللہ کا شریک نہیں مانیں گیں ( یعنی ہر طرح کے شرک سے کلیۃ اجتناب کریں گیں ) چوری نہیں کریں گیں، زنا کی مرتکب نہیں ہونگی، اپنی اولاد کو قتل نہیں کریں گیں ( جیسا کہ زمانہ جاہلیت میں رواج تھا کہ بیٹیوں کو مار ڈالا جاتا تھا ) کسی پر تہمت نہیں لگائیں گیں اور عصیان نہیں کریں گیں ( یعنی اللہ اور اس کے رسول کے احکام سے رو گردانی نہیں کریں گیں، اس اعتبار سے یہ آیت کریمہ کی تفسیر و وضاحت ہے جو پہلی حدیث میں گذر چکی ہے یعنی آیت ( يٰ اَيُّهَا النَّبِيُّ اِذَا جَا ءَكَ الْمُؤْمِنٰتُ) 60۔ الممتحنہ : 12)
حدیث کے آخری جزء کا حاصل یہ ہے کہ اگرچہ بیعت، ہاتھ میں ہاتھ لے کر یا ہاتھ پر ہاتھ رکھ کرلی جاتی ہے لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم عورتوں سے زبانی بیعت لیتے تھے یعنی ان سے یہ فرماتے تھے کہ " میں نے تمہاری بیعت قبول کی ۔ " اس سے معلوم ہوا کہ بعض مشائخ عورتوں سے بیعت لینے کا جو یہ طریقہ اختیار کر تے ہیں کہ مرید کر تے وقت کسی برتن میں رکھے ہوئے پانی میں اپنے ہاتھ ڈالتے ہیں اور وہ عورت بھی اپنا ہاتھ اس پانی میں ڈالتی ہے، یا بعض حضرات یہ کرتے ہیں کہ کسی کپڑے کا ایک آنچل اپنے ہاتھ میں پکڑتے ہیں اور دوسرا آنچل عورت پکڑ لیتی ہے، تو اس طرح کے تکلّفات کی ضرورت نہیں بلکہ جو طریقہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے اسی پر اکتفا کرنا افضل و احسن ہے ۔
مؤلف کتاب نے بیعت سے متعلّق اس حدیث کو یہاں " باب الصلح " میں اس لئے نقل کیا ہے کہ صلح حدیبیہ کے موقع پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا صحابہ کرام سے بیعت لینے کا مرحلہ بھی آیا تھا جو " بیعت الرضوان " کے نام سے مشہور ہے اور جس کو قرآن کریم نے بھی اس آیت ( لَقَدْ رَضِيَ اللّٰهُ عَنِ الْمُؤْمِنِيْنَ) 48۔ الفتح : 18) میں بیان کیا ہے اسی مناسبت سے عورتوں کی بیعت سے متعلّق اس حدیث کو یہاں نقل کیا گیا ہے اگرچہ صلح حدیبیہ کے موقع پر عورتوں سے بیعت نہیں لی گئی تھی ۔