مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ صبح وشام اور سوتے وقت پڑھی جانے والی دعاؤں کا بیان ۔ حدیث 945

صبح کے وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا

راوی:

وعن عبد الله بن أبي أوفى قال : كان رسول الله صلى الله عليه و سلم إذا أصبح قال : " أصبحنا وأصبح الملك لله والحمد لله والكبرياء والعظمة لله والخلق والأمر والليل والنهار وما سكن فيهما لله اللهم اجعل أول هذا النهار صلاحا وأوسطه نجاحا وآخره فلاحا يا أرحم الراحمين " . ذكره النووي في كتاب الأذكار برواية ابن السني

حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ جب صبح ہوتی رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ دعا پڑھتے ۔ دعا (اصبحنا واصبح الملک للہ والحمدللہ والکبریاء والظمۃ للہ والخلق الامر واللیل والنہار وماسکن فیہماللہ اللہم اجعل اول ہذاالنہار صلاح واوسطہ نجاحا واخرہ فلاح یا ارحم الراحمین) ۔ صبح کی میں نے اور صبح کی ملک نے جو اللہ کے لئے ہے تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں اور بزرگی ذات و صفات کی اللہ ہی کے لئے ہے اور حکم دن اور رات اور چیزیں دن رات میں آرام پاتی ہیں سب اللہ ہی کے لئے ہیں اے اللہ اس دن کے ابتدائی حصہ کو نیکی کا بنا یعنی یہ کہ ہم اسے طاعات میں صرف کریں اور اس کا درمیانی حصہ حاجات کے پورا ہونے کا اور اس کے آخری حصہ کو نجات کا سبب بنا اے رحم کرنے والوں میں سب سے زیادہ رحم کرنے والے۔ اس حدیث کو نووی نے ابن سنی کی روایت کے ساتھ کتاب الاذکار میں نقل کیا ہے ۔

تشریح
جیسا کہ ایک حدیث میں آیا ہے جس دعا کو یا ارحم الراحمین پر ختم کیا جائے وہ جلد قبول ہوتی ہے اسی لئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس دعا کو انہیں الفاظ پر ختم کیا۔ حاکم نے مستدرک میں ابوامامہ سے بطریق مرفوع بیان کیا ہے کہ یا ارحم الراحمین کہنے والوں پر اللہ تعالیٰ فرشتہ متعین فرما دیتا ہے چنانچہ جو شخص اس جملہ کو تین بار کہتا ہے تو وہ فرشتہ اس سے کہتا ہے کہ ارحم الراحمین تیری طرف متوجہ ہے جو مانگنا ہے مانگ لو۔

یہ حدیث شیئر کریں