مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ فضائل قرآن کا بیان ۔ حدیث 689

سورت بقرہ قرآن کی رفعت ہے

راوی:

وعن عبد الله بن مسعود أنه قال : إن لكل شيء سناما وإن سنام القرآن سورة البقرة وإن لكل شيء لبابا وإن لباب القرآن المفصل . رواه الدارمي

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارہ میں مروی ہے کہ انہوں نے فرمایا۔ ہر چیز کے لئے رفعت و بلندی ہوتی ہے اور قرآن کی رفعت و بلندی سورت بقرہ ہے ہر چیز کا خلاصہ (حاصل مقصد) ہوتا ہے اور قرآن کا خلاصہ مفصل ہے۔ (دارمی)

تشریح
سورت بقرہ قرآن کریم کی رفعت و بلندی اس لئے ہے کہ نہ صرف یہ کہ وہ قرآن کی سورتوں میں سب سے بڑی ہے بلکہ اس سورت میں بہت زیادہ احکام مذکور ہیں۔
پہلے بھی کئی مقامات پر بتایا جا چکا ہے، مفصل یا مفصلات سورت حجرات سے ختم قرآن یعنی سورت ناس تک کی سورتوں کو کہا جاتا ہے، یہ سورتیں پورے قرآن کا خلاصہ اس طور پر ہیں کہ قرآن کریم کے جو مضامین اختصار اور اجمالی طور پر متفرق سورتوں میں ہیں وہ ان سورتوں میں یکجا اور تفصیلی طور پر بیان فرمائے گئے ہیں اسی لئے ان سورتوں کو مفصل کہنے کی وجہ تسمیہ بھی بہت خوب ہے۔

یہ حدیث شیئر کریں