سورت اذا زلزلت، قل ہو اللہ اور قل یا ایہا الکافرون کی فضیلت
راوی:
وعن ابن عباس وأنس بن مالك رضي الله عنهم قالا : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : ( إذا زلزلت )
تعدل نصف القرآن ( قل هو الله أحد )
تعدل ثلث القرآن و ( قل يا أيها الكافرون )
تعدل ربع القرآن " . رواه الترمذي
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما اور حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ دونوں راوی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا سورت اذا زلزلت آدھے قرآن کے برابر ہے، سورت قل ہو اللہ تہائی قرآن کے برابر ہے اور سورت قل یا ایہا الکافروں چوتھائی قرآن کے برابر ہے۔ (ترمذی)
تشریح
قرآن کریم میں مبدأ اور معاد کو بیان کیا گیا ہے اور چونکہ اذا زلزلت میں معاد کا بہت عمدہ پیرایہ اور موثر انداز میں ذکر کیا گیا ہے اس لئے یہ سورت آدھے قرآن کے برابر ہوئی قل ہو اللہ کے تہائی قرآن کے برابر ہونے کی وجہ پہلی فصل کی حدیث نمبر١٩ کی تشریح میں بیان ہو چکی ہے ۔
قل یا ایہا الکافرون چوتھائی قرآن کے برابر بایں طور ہے کہ قرآن کریم میں تو حید ، نبوت ، احکام اور قصص یہ چار مضمون مذکور ہیں اور قل یا ایہا الکافرون میں تو حید کا مضمون بہت اعلیٰ بیان ہے اس لئے یہ سورت چوتھائی قرآن کے برابر ہوئی۔