مشکوۃ شریف ۔ جلد دوم ۔ فضائل قرآن کا بیان ۔ حدیث 646

قرآن سے خالی دل ویران گھر کی مانند ہے

راوی:

وعن ابن عباس قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " إن الذي ليس في جوفه شيء من القرآن كالبيت الخرب " . رواه الترمذي والدارمي . وقال الترمذي : هذا حديث صحيح

حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما راوی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا جس شخص کا دل قرآن سے خال ہو تو وہ (یا اس کا دل) ویران گھر کی طرح ہے۔ (ترمذی دارمی) امام ترمذی کہتے ہیں کہ یہ حدیث صحیح ہے۔

تشریح
گھر کی رونق مکین سے ہے گھر کتنا ہی خوبصورت اور وسیع ہو اگر اس میں کوئی رہنے والا نہ ہو تو اس کی کوئی حقیقت نہیں بلکہ گھر کی ویرانی، گھر کی قیمت اور اس کی اہمیت کو عام نظروں سے گرا دیتی ہے، اسی طرح انسان کا معاملہ ہے اگر انسان کا دل ایمان، قرآن کے نور سے خالی ہو تو اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے چنانچہ مذکورہ بالا ارشاد گرامی کا مطلب یہی ہے کہ اگر کوئی شخص قرآن بالکل نہیں جانتا اور نہ اس پر ایمان رکھتا ہے یا قرآن تو جانتا ہو مگر اس پر ایمان نہ رکھتا ہو تو وہ ویران گھر کی طرح ہے اور جو شخص قرآن پڑھنا جانتا ہے اسے پڑھتا ہے اور سمجھتا ہے نیز اس پر ایمان بھی رکھتا ہے تو اس کا باطن ایمان کے نور سے آباد ہے اب یہ فرق الگ رہا کہ جو شخص تھوڑا جانتا ہو گا اس کا باطن ایمان کی دولت سے تھوڑا آباد ہو گا اور جو شخص بہت جانتا ہو گا اس کا باطن بھی بہت آباد ہو گا۔

یہ حدیث شیئر کریں