لیلۃ القدر کی دعا
راوی:
وعن عائشة رضي الله عنها قالت : قلت : يا رسول الله أرأيت إن علمت أي ليلة القدر ما أقول فيها ؟ قال : " قولي : اللهم إنك عفو تحب العفو فاعف عني " . رواه أحمد وابن ماجه والترمذي وصححه
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا راوی ہیں کہ میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! مجھے بتائیے کہ اگر میں شب قدر کو پا لوں، تو اس میں کیا دعا مانگوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ یہ دعا مانگو، اے اللہ ! تو معاف کرنے والا ہے اور معاف کرنے کو پسند کرتا ہے لہٰذا تو مجھے معاف فرما دے ۔ (احمد، ابن ماجہ ، ترمذی)
تشریح
علماء لکھتے ہیں کہ یہ دعا دنیا اور آخرت کی تمام خیر و بھلائی کے لئے جامع ہے کیونکہ حق تعالیٰ کی طرف سے بندہ کے معاملہ میں عفو و درگزر اور مغفرت و بخشش ہی وہ سب سے عظیم سعادت ہے جو ہر خیر و بھلائی کا نقطہ عروج ہے چنانچہ ایک روایت میں فرمایا گیا ہے کہ بندہ کی طرف سے حق تعالیٰ کی بارگاہ میں کوئی سوال طلب عافیت و بخشش سے افضل نہیں ہے۔