طاعون میں مرنے والے کی فضیلت
راوی:
وعن أنس قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : " الطاعون شهادة لكل مسلم "
حضرت انس راوی ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا " طاعون (میں مرنا) ہر مسلمان کے لئے شہادت ہے" ۔ (بخاری)
تشریح
مطلب یہ ہے کہ اس علاقہ میں جہاں طاعون کی بیماری پھیل جاتی ہے جو مسلمان صبر و برداشت کے دامن کو نہیں چھوڑتا اور بیماری سے ڈر کر کسی دوسری جگہ بھاگتا نہیں بلکہ اللہ پر بھروسہ کر کے وہیں پڑا رہتا ہے اور اگر وہ طاعون میں مبتلا ہو کر مر جاتا ہے تو اسے شہید کے اجر سے نوازا جاتا ہے۔
طاعون ایک عام بیماری اور وباء کا نام ہے جس علاقہ میں یہ بیماری پیدا ہوتی ہے وہاں کی آب و ہوا، عام مزاج اور انسانوں کے جسم تمام ہی چیزیں اس بیماری کے جراثیم اور اس کے فساد سے متاثر ہو جاتی ہیں۔ بعض لوگوں نے کہا کہ طاعون اس بیماری کو کہتے ہیں جس میں بدن کے نرم حصوں پر زخم ہو جاتے ہیں۔ جیسے بغل وغیرہ اور ان زخموں کے گرد سیاہی ، سبزی یا سرخی ہوتی ہے۔