مشکوۃ شریف ۔ جلد اول ۔ نماز کا بیان ۔ حدیث 935

ہر نماز کے بعد معوذات پڑھنے کا حکم

راوی:

وَعَنْ عُقْبَۃَ بْنِ عَامِرٍ قَالَ اَمَرَنِی رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم اَنْ اَقْرَأَ بِالْمُعَوِّذَاتِ فِیْ دُبُرِ کُلِّ صَلَاۃٍ۔ (رواہ احمد بن حنبل و ابوداؤد و النسائی و البیہقی فی الدعوات الکبیر)

" اور حضرت عقبہ ابن عامر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے حکم دیا تھا کہ میں ہر نماز کے بعد معوذات پڑھوں ۔" (مسند احمد بن حنبل و سنن ابوداؤد، سنن نسائی، بیہقی)

تشریح
معوذات قرآن کی ان سورتوں کو کہتے ہیں جن کی ابتداء میں " اعوذ" کا لفظ ہے یعنی قل اعوذ برب الفلق اور قل اعوذ برب الناس یہاں ان دونوں سورتوں کے لئے " معوذات" جمع کا صیغہ اس لئے استعمال کیا گیا ہے کہ اقل جمع دو ہیں اور بعض علماء نے کہا ہے کہ قل ھو اللہ اور قل یا ایھا الکافرون بھی معوذات میں تغلیبًا داخل ہیں یعنی قل اعوذ برب الناس کو امتیاز دے کر سب کو معوذات سے تعبیر کیا گیا ہے ۔ اگرچہ ان دونوں سورتوں کی ابتداء میں " اعوذ" کا لفظ نہیں ہے۔ گویا اس قول کے مطابق آپ نے چار سورتوں یعنی قل اعوذ برب الفلق، قل اعوذ برب الناس، قل ھو اللہ اور قل یا یھا الکافرون کے پڑھنے کا حکم دیا تھا۔

یہ حدیث شیئر کریں