مشکوۃ شریف ۔ جلد اول ۔ پاکی کا بیان ۔ حدیث 471

نجاستوں کے پاک کرنے کا بیان

راوی:

وَعَنْ اُمِّ سَلَمَۃَ قَالَتْ لَھَا اِمْرَ أَۃٌ اِنِّیْ اُطِیْلُ ذَیْلِیْ وَاَمْشِیْ فِی الْمَکَانِ الْقَدِرِ قَالَتْ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم یُطَھِّرُہ، مَا بَعْدَہ،۔ (رَوَاہٌ مَالِکٌ وَ اَحْمَدُ وَ التِّرِمِذِیُّ وَ اَبُوْدَاؤدَ وَ الدَّارِمِیُّ وَقَالَا الْمَرْاَۃُ اُمُّ وَلَدٍلِا بْرَاھِیْمَ بْنِ عَبْدِالرَّحْمٰنِ بْنِ عَوْفٍ)

" اور حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا راوی ہیں کہ ان سے ایک عورت نے کہا کہ میرا دامن لمبا ہے اور میں ناپاک جگہ پر چلتی ہوں (یہ خیال ہے کہ دامن کو ناپاکی لگ جاتی ہے) حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے کہا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے (اسی قسم کے ایک سوال کے جواب میں) فرمایا تھا کہ " اس کو وہ چیز پاک کرتی ہے جو اس کے بعد ہے (یعنی پاک زمین یا مٹی)۔ " (مسند احمد بن حنبل، مالک، جامع ترمذی ، ابوداؤد اور درامی نے کہا ہے کہ (سوال کرنے والی) عورت ابراہیم بن عبدالرحمن بن عوف کی ام ولد تھی (جس کا نام حمیدہ تھا)

تشریح
سوال کرنے والی کا مطلب یہ تھا کہ میرا دامن بہت لمبا ہے جب میں چلتی ہوں تو وہ زمین پر لگتا ہوا چلتا ہے اور جب میں نا پاک جگہ سے گزرتی ہوں تو خیال ہوتا ہے کہ شاید دامن پر نجاست و گندگی لگ گئی ہوگی اس لئے اس کے بارے میں کیا حکم ہے؟ اس کے جواب میں حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد نقل فرمایا جس کا مطلب یہ ہے کہ کسی ناپاک جگہ سے گزرتے ہوئے جب دامن میں نجاست لگ جاتی ہے تو بعد میں پاک صاف جگہ چلنے سے وہ نجاست زمین پر لگ کر جھڑ جاتی ہے اور کپڑا پاک ہو جاتا ہے لیکن یہ بات ذہن میں رہنی چاہئے کہ یہ حکم خشک نجاست کے بارے میں ہے کہ اگر خشک نجاست کپڑے کو لگ جائے تو پھر پاک و صاف زمین پر چلنے سے وہ زمین پر لگ کر جھڑ جاتی ہے جس سے کپڑا پاک ہو جاتا ہے۔
اس حکم کو خشک نجاست کے بارے میں خاص کرنے کی وجہ یہ ہے کہ علماء کرام کا اس بات پر اجماع اور اتفاق ہے کہ اگر کپڑا ناپاک ہو جائے تو وہ بغیر دھوئے پاک نہیں ہوتا، بخلاف جوتے کے (تابعین کی ایک جماعت کا قول ہے کہ جوتا اگر نجاست کے لگ جانے سے ناپاک ہو جائے تو اس کو پاک و صاف زمین پر رگڑ کر پاک کیا جا سکتا ہے خواہ وہ نجاست تر ہی کیوں نہ ہو جیسا کہ ابھی اس سے پہلے حدیث کی تشریح میں حضرت امام شافعی اور حضرت امام ابویوسف رحمہما اللہ تعالیٰ علیہما کا مسلک بیان کیا جا چکا ہے (وا اللہ اعلم)

یہ حدیث شیئر کریں