مسواک کرنے بیان
راوی:
وَعَنْ اَبِی اُمَامَۃَ اَنَّ رَسُوْلَ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم قَالَ مَا جَا ءَ نِیْ جِبْرِیْلُ عَلَیْہِ اسَّلَامُ قَطُّ اِلَّا اَمَرَنِیْ بِالسِّوَاکِ لَقَدْ خَشِیْتُ اَنْ اُخْفِیَ مُقَدَّمَ فِیَّ۔ (رواہ مسند احمد بن حنبل)
" حضرت ابی امامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ سر کار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ " جبرائیل علیہ السلام جب بھی میرے پاس آتے مجھے مسواک کرنے کا حکم دیتے (یہاں تک کہ) یہ مجھے خوف ہوا کہ (کہیں مسواک کی زیادتی سے ) میں اپنے منہ کے اگلے حصہ کو چھیل نہ ڈالوں۔" (مسند احمد بن حنبل)
تشریح :
مسواک کی اہمیت اور اس کی فضیلت کا اندازہ اس سے لگائیے کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام جب بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تشریف لاتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو مسواک کرنے کا حکم دیتے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس حکم کی بنا پر کثرت سے مسواک کرتے، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہی فرما رہے ہیں کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام کے بار بار حکم اور اس شدت سے تاکید کی بناء پر مسواک اتنی کثرت سے استعمال کرتا ہوں کہ مجھے یہ ڈر ہے کہ مسواک کی زیادتی سے کہیں میرا منہ نہ چھیل جائے۔