کتاب اور سنت کو مضبوطی سے پکڑنے کا بیان
راوی:
وَعَنْ اَبِیْ ھُرِیْرَۃَ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم ((اِنَّکُمْ فِی زَمَانِ مَنْ تَرَکَ مِنْکُمْ عُشْرَ مَا اُمِرَبِہٖ ھَلَکَ ثُمَّ یَأْتِی زَمَانٌ مِنْ عَمِلَ مِنْھُمْ بِعُشْرِمَا اُمِرَبِہٖ نَجَا) (رواہ الجامع ترمذی)
" اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم ایسے زمانہ میں ہو کہ اگر تم میں سے کوئی آدمی ان احکام کا دسواں حصہ بھی چھوڑ دے جو دیئے گئے ہیں تو وہ ہلاک ہو جائے لیکن ایک زمانہ ایسا آئے گا کہ اگر کوئی آدمی ان احکام کے دسویں حصہ پر بھی عمل کرے گا تو نجات پا جائے گا۔" (جامع ترمذی)
تشریح :
اس حدیث سے عہد رسالت اور مابعد کے فرق کا پتہ چلتا ہے، عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں امربالمعروف و نہی عن المنکر کا چرچا اتنی شدت اور کثرت کے ساتھ تھا کہ ذراسی لغزش بھی ہلاکت و تباہی کا باعث بن سکتی تھی لیکن زمانہ آخر میں جب کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر میں اضمحلال پیدا ہو جائے گا تو اس وقت اتنا فرق ہوجائے گا کہ اگر کوئی آدمی احکام کے دسویں حصہ پر بھی عمل کرے تو یہ اس کی نجات کے لئے کافی ہوگا۔