یہودیوں کو رجم کرنے کا بیان
راوی: عبداللہ بن مسلمہ , مالک بن انس , نافع , ابن عمر
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ قَالَ قَرَأْتُ عَلَی مِالِکِ بْنِ أَنَسٍ عَنْ نَافِعٍ عَنْ ابْنِ عُمَرَ أَنَّهُ قَالَ إِنَّ الْيَهُودَ جَائُوا إِلَی النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَذَکَرُوا لَهُ أَنَّ رَجُلًا مِنْهُمْ وَامْرَأَةً زَنَيَا فَقَالَ لَهُمْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَا تَجِدُونَ فِي التَّوْرَاةِ فِي شَأْنِ الزِّنَا فَقَالُوا نَفْضَحُهُمْ وَيُجْلَدُونَ فَقَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ سَلَامٍ کَذَبْتُمْ إِنَّ فِيهَا الرَّجْمَ فَأَتَوْا بِالتَّوْرَاةِ فَنَشَرُوهَا فَجَعَلَ أَحَدُهُمْ يَدَهُ عَلَی آيَةِ الرَّجْمِ ثُمَّ جَعَلَ يَقْرَأُ مَا قَبْلَهَا وَمَا بَعْدَهَا فَقَالَ لَهُ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ سَلَامٍ ارْفَعْ يَدَيْکَ فَرَفَعَهَا فَإِذَا فِيهَا آيَةُ الرَّجْمِ فَقَالُوا صَدَقَ يَا مُحَمَّدُ فِيهَا آيَةُ الرَّجْمِ فَأَمَرَ بِهِمَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَرُجِمَا قَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ فَرَأَيْتُ الرَّجُلَ يَحْنِي عَلَی الْمَرْأَةِ يَقِيهَا الْحِجَارَةَ
عبداللہ بن مسلمہ، مالک بن انس، نافع، حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ یہود، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آئے اور آپ سے تذکرہ کیا کہ ان میں سے ایک مرد اور ایک عورت نے زنا کیا ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان سے فرمایا کہ تم لوگ تورات میں زنا کے بارے میں کیا سزا پاتے ہو انہوں نے کہا ہم تو انہیں ذلیل ورسوا کرتے ہیں کہ اور کوڑے مارتے ہیں اپنا عمل بتلایا لیکن تورات میں جو سزا لکھی ہے وہ نہیں بتلائی اور حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ جویہود کے بڑے عالم رہے ہیں اس نے کہا کہ تم نے جھوٹ بولا ہے تورات میں اس کی سزا رجم ہی ہے تو وہ تورات لائے اور اسے کھولا تو ان میں سے ایک نے اپنا ہاتھ رجم کی آیت پر رکھ دیا (تا کہ نظر نہ آئے) پھر اس آیت سے پہلے اور بعد میں عبارت پڑھنے لگا تو عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس سے کہا کہ اپنا ہاتھ اٹھا اس نے ہاتھ اٹھایا تو اس میں آیت رجم موجود تھی۔ تو وہ کہنے لگے اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تم نے سچ کہا اس میں رجم کی آیت ہے چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دونوں کو رجم کرنے کا حکم دیا تو انہیں رجم کردیا گیا حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ پس میں نے مرد کو دیکھا کہ (رجم کے وقت) عورت کو پتھروں سے بچانے کے لئے اس پر جھک جاتا تھا۔