سنن ابوداؤد ۔ جلد دوم ۔ مناسک حج کا بیان ۔ حدیث 141

رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حج کا حال

راوی: عبداللہ بن محمد , نفیل , عثمان بن ابی شیبہ , ہشام بن عمار , سلیمان بن عبدالرحمن , محمد باقر

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مُحَمَّدٍ النُّفَيْلِيُّ وَعُثْمَانُ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ وَهِشَامُ بْنُ عَمَّارٍ وَسُلَيْمَانُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ الدِّمَشْقِيَّانِ وَرُبَّمَا زَادَ بَعْضُهُمْ عَلَی بَعْضٍ الْکَلِمَةَ وَالشَّيْئَ قَالُوا حَدَّثَنَا حَاتِمُ بْنُ إِسْمَعِيلَ حَدَّثَنَا جَعْفَرُ بْنُ مُحَمَّدٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ دَخَلْنَا عَلَی جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ فَلَمَّا انْتَهَيْنَا إِلَيْهِ سَأَلَ عَنْ الْقَوْمِ حَتَّی انْتَهَی إِلَيَّ فَقُلْتُ أَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ حُسَيْنٍ فَأَهْوَی بِيَدِهِ إِلَی رَأْسِي فَنَزَعَ زِرِّي الْأَعْلَی ثُمَّ نَزَعَ زِرِّي الْأَسْفَلَ ثُمَّ وَضَعَ کَفَّهُ بَيْنَ ثَدْيَيَّ وَأَنَا يَوْمَئِذٍ غُلَامٌ شَابٌّ فَقَالَ مَرْحَبًا بِکَ وَأَهْلًا يَا ابْنَ أَخِي سَلْ عَمَّا شِئْتَ فَسَأَلْتُهُ وَهُوَ أَعْمَی وَجَائَ وَقْتُ الصَّلَاةِ فَقَامَ فِي نِسَاجَةٍ مُلْتَحِفًا بِهَا يَعْنِي ثَوْبًا مُلَفَّقًا کُلَّمَا وَضَعَهَا عَلَی مَنْکِبِهِ رَجَعَ طَرَفَاهَا إِلَيْهِ مِنْ صِغَرِهَا فَصَلَّی بِنَا وَرِدَاؤُهُ إِلَی جَنْبِهِ عَلَی الْمِشْجَبِ فَقُلْتُ أَخْبِرْنِي عَنْ حَجَّةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ بِيَدِهِ فَعَقَدَ تِسْعًا ثُمَّ قَالَ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَکَثَ تِسْعَ سِنِينَ لَمْ يَحُجَّ ثُمَّ أُذِّنَ فِي النَّاسِ فِي الْعَاشِرَةِ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَاجٌّ فَقَدِمَ الْمَدِينَةَ بَشَرٌ کَثِيرٌ کُلُّهُمْ يَلْتَمِسُ أَنْ يَأْتَمَّ بِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَيَعْمَلَ بِمِثْلِ عَمَلِهِ فَخَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَخَرَجْنَا مَعَهُ حَتَّی أَتَيْنَا ذَا الْحُلَيْفَةِ فَوَلَدَتْ أَسْمَائُ بِنْتُ عُمَيْسٍ مُحَمَّدَ بْنَ أَبِي بَکْرٍ فَأَرْسَلَتْ إِلَی رَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ کَيْفَ أَصْنَعُ فَقَالَ اغْتَسِلِي وَاسْتَذْفِرِي بِثَوْبٍ وَأَحْرِمِي فَصَلَّی رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْمَسْجِدِ ثُمَّ رَکِبَ الْقَصْوَائَ حَتَّی إِذَا اسْتَوَتْ بِهِ نَاقَتُهُ عَلَی الْبَيْدَائِ قَالَ جَابِرٌ نَظَرْتُ إِلَی مَدِّ بَصَرِي مِنْ بَيْنِ يَدَيْهِ مِنْ رَاکِبٍ وَمَاشٍ وَعَنْ يَمِينِهِ مِثْلُ ذَلِکَ وَعَنْ يَسَارِهِ مِثْلُ ذَلِکَ وَمِنْ خَلْفِهِ مِثْلُ ذَلِکَ وَرَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَيْنَ أَظْهُرِنَا وَعَلَيْهِ يَنْزِلُ الْقُرْآنُ وَهُوَ يَعْلَمُ تَأْوِيلَهُ فَمَا عَمِلَ بِهِ مِنْ شَيْئٍ عَمِلْنَا بِهِ فَأَهَلَّ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِالتَّوْحِيدِ لَبَّيْکَ اللَّهُمَّ لَبَّيْکَ لَبَّيْکَ لَا شَرِيکَ لَکَ لَبَّيْکَ إِنَّ الْحَمْدَ وَالنِّعْمَةَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِيکَ لَکَ وَأَهَلَّ النَّاسُ بِهَذَا الَّذِي يُهِلُّونَ بِهِ فَلَمْ يَرُدَّ عَلَيْهِمْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ شَيْئًا مِنْهُ وَلَزِمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ تَلْبِيَتَهُ قَالَ جَابِرٌ لَسْنَا نَنْوِي إِلَّا الْحَجَّ لَسْنَا نَعْرِفُ الْعُمْرَةَ حَتَّی إِذَا أَتَيْنَا الْبَيْتَ مَعَهُ اسْتَلَمَ الرُّکْنَ فَرَمَلَ ثَلَاثًا وَمَشَی أَرْبَعًا ثُمَّ تَقَدَّمَ إِلَی مَقَامِ إِبْرَاهِيمَ فَقَرَأَ وَاتَّخِذُوا مِنْ مَقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّی فَجَعَلَ الْمَقَامَ بَيْنَهُ وَبَيْنَ الْبَيْتِ قَالَ فَکَانَ أَبِي يَقُولُ قَالَ ابْنُ نُفَيْلٍ وَعُثْمَانُ وَلَا أَعْلَمُهُ ذَکَرَهُ إِلَّا عَنْ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ سُلَيْمَانُ وَلَا أَعْلَمُهُ إِلَّا قَالَ کَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الرَّکْعَتَيْنِ بِقُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ وَقُلْ يَا أَيُّهَا الْکَافِرُونَ ثُمَّ رَجَعَ إِلَی الْبَيْتِ فَاسْتَلَمَ الرُّکْنَ ثُمَّ خَرَجَ مِنْ الْبَابِ إِلَی الصَّفَا فَلَمَّا دَنَا مِنْ الصَّفَا قَرَأَ إِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِنْ شَعَائِرِ اللَّهِ نَبْدَأُ بِمَا بَدَأَ اللَّهُ بِهِ فَبَدَأَ بِالصَّفَا فَرَقِيَ عَلَيْهِ حَتَّی رَأَی الْبَيْتَ فَکَبَّرَ اللَّهَ وَوَحَّدَهُ وَقَالَ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيکَ لَهُ لَهُ الْمُلْکُ وَلَهُ الْحَمْدُ يُحْيِي وَيُمِيتُ وَهُوَ عَلَی کُلِّ شَيْئٍ قَدِيرٌ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ أَنْجَزَ وَعْدَهُ وَنَصَرَ عَبْدَهُ وَهَزَمَ الْأَحْزَابَ وَحْدَهُ ثُمَّ دَعَا بَيْنَ ذَلِکَ وَقَالَ مِثْلَ هَذَا ثَلَاثَ مَرَّاتٍ ثُمَّ نَزَلَ إِلَی الْمَرْوَةِ حَتَّی إِذَا انْصَبَّتْ قَدَمَاهُ رَمَلَ فِي بَطْنِ الْوَادِي حَتَّی إِذَا صَعَدَ مَشَی حَتَّی أَتَی الْمَرْوَةَ فَصَنَعَ عَلَی الْمَرْوَةِ مِثْلَ مَا صَنَعَ عَلَی الصَّفَا حَتَّی إِذَا کَانَ آخِرُ الطَّوَافِ عَلَی الْمَرْوَةِ قَالَ إِنِّي لَوْ اسْتَقْبَلْتُ مِنْ أَمْرِي مَا اسْتَدْبَرْتُ لَمْ أَسُقْ الْهَدْيَ وَلَجَعَلْتُهَا عُمْرَةً فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ لَيْسَ مَعَهُ هَدْيٌ فَلْيُحْلِلْ وَلْيَجْعَلْهَا عُمْرَةً فَحَلَّ النَّاسُ کُلُّهُمْ وَقَصَّرُوا إِلَّا النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَمَنْ کَانَ مَعَهُ هَدْيٌ فَقَامَ سُرَاقَةُ بْنُ جُعْشُمٍ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَلِعَامِنَا هَذَا أَمْ لِلْأَبَدِ فَشَبَّکَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَصَابِعَهُ فِي الْأُخْرَی ثُمَّ قَالَ دَخَلَتْ الْعُمْرَةُ فِي الْحَجِّ هَکَذَا مَرَّتَيْنِ لَا بَلْ لِأَبَدِ أَبَدٍ لَا بَلْ لِأَبَدِ أَبَدٍ قَالَ وَقَدِمَ عَلِيٌّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ مِنْ الْيَمَنِ بِبُدْنِ النَّبِيِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَوَجَدَ فَاطِمَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا مِمَّنْ حَلَّ وَلَبِسَتْ ثِيَابًا صَبِيغًا وَاکْتَحَلَتْ فَأَنْکَرَ عَلِيٌّ ذَلِکَ عَلَيْهَا وَقَالَ مَنْ أَمَرَکِ بِهَذَا فَقَالَتْ أَبِي فَکَانَ عَلِيٌّ يَقُولُ بِالْعِرَاقِ ذَهَبْتُ إِلَی رَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُحَرِّشًا عَلَی فَاطِمَةَ فِي الْأَمْرِ الَّذِي صَنَعَتْهُ مُسْتَفْتِيًا لِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الَّذِي ذَکَرَتْ عَنْهُ فَأَخْبَرْتُهُ أَنِّي أَنْکَرْتُ ذَلِکَ عَلَيْهَا فَقَالَتْ إِنَّ أَبِي أَمَرَنِي بِهَذَا فَقَالَ صَدَقَتْ صَدَقَتْ مَاذَا قُلْتَ حِينَ فَرَضْتَ الْحَجَّ قَالَ قُلْتُ اللَّهُمَّ إِنِّي أُهِلُّ بِمَا أَهَلَّ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ فَإِنَّ مَعِيَ الْهَدْيَ فَلَا تَحْلِلْ قَالَ وَکَانَ جَمَاعَةُ الْهَدْيِ الَّذِي قَدِمَ بِهِ عَلِيٌّ مِنْ الْيَمَنِ وَالَّذِي أَتَی بِهِ النَّبِيُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ الْمَدِينَةِ مِائَةً فَحَلَّ النَّاسُ کُلُّهُمْ وَقَصَّرُوا إِلَّا النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَمَنْ کَانَ مَعَهُ هَدْيٌ قَالَ فَلَمَّا کَانَ يَوْمُ التَّرْوِيَةِ وَوَجَّهُوا إِلَی مِنًی أَهَلُّوا بِالْحَجِّ فَرَکِبَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَصَلَّی بِمِنًی الظُّهْرَ وَالْعَصْرَ وَالْمَغْرِبَ وَالْعِشَائَ وَالصُّبْحَ ثُمَّ مَکَثَ قَلِيلًا حَتَّی طَلَعَتْ الشَّمْسُ وَأَمَرَ بِقُبَّةٍ لَهُ مِنْ شَعْرٍ فَضُرِبَتْ بِنَمِرَةٍ فَسَارَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَلَا تَشُکُّ قُرَيْشٌ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَاقِفٌ عِنْدَ الْمَشْعَرِ الْحَرَامِ بِالْمُزْدَلِفَةِ کَمَا کَانَتْ قُرَيْشٌ تَصْنَعُ فِي الْجَاهِلِيَّةِ فَأَجَازَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّی أَتَی عَرَفَةَ فَوَجَدَ الْقُبَّةَ قَدْ ضُرِبَتْ لَهُ بِنَمِرَةٍ فَنَزَلَ بِهَا حَتَّی إِذَا زَاغَتْ الشَّمْسُ أَمَرَ بِالْقَصْوَائِ فَرُحِلَتْ لَهُ فَرَکِبَ حَتَّی أَتَی بَطْنَ الْوَادِي فَخَطَبَ النَّاسَ فَقَالَ إِنَّ دِمَائَکُمْ وَأَمْوَالَکُمْ عَلَيْکُمْ حَرَامٌ کَحُرْمَةِ يَوْمِکُمْ هَذَا فِي شَهْرِکُمْ هَذَا فِي بَلَدِکُمْ هَذَا أَلَا إِنَّ کُلَّ شَيْئٍ مِنْ أَمْرِ الْجَاهِلِيَّةِ تَحْتَ قَدَمَيَّ مَوْضُوعٌ وَدِمَائُ الْجَاهِلِيَّةِ مَوْضُوعَةٌ وَأَوَّلُ دَمٍ أَضَعُهُ دِمَاؤُنَا دَمُ قَالَ عُثْمَانُ دَمُ ابْنُ رَبِيعَةَ و قَالَ سُلَيْمَانُ دَمُ رَبِيعَةَ بْنِ الْحَارِثِ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ و قَالَ بَعْضُ هَؤُلَائِ کَانَ مُسْتَرْضَعًا فِي بَنِي سَعْدٍ فَقَتَلَتْهُ هُذَيْلٌ وَرِبَا الْجَاهِلِيَّةِ مَوْضُوعٌ وَأَوَّلُ رِبًا أَضَعُهُ رِبَانَا رِبَا عَبَّاسِ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ فَإِنَّهُ مَوْضُوعٌ کُلُّهُ اتَّقُوا اللَّهَ فِي النِّسَائِ فَإِنَّکُمْ أَخَذْتُمُوهُنَّ بِأَمَانَةِ اللَّهِ وَاسْتَحْلَلْتُمْ فُرُوجَهُنَّ بِکَلِمَةِ اللَّهِ وَإِنَّ لَکُمْ عَلَيْهِنَّ أَنْ لَا يُوطِئْنَ فُرُشَکُمْ أَحَدًا تَکْرَهُونَهُ فَإِنْ فَعَلْنَ فَاضْرِبُوهُنَّ ضَرْبًا غَيْرَ مُبَرِّحٍ وَلَهُنَّ عَلَيْکُمْ رِزْقُهُنَّ وَکِسْوَتُهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ وَإِنِّي قَدْ تَرَکْتُ فِيکُمْ مَا لَنْ تَضِلُّوا بَعْدَهُ إِنْ اعْتَصَمْتُمْ بِهِ کِتَابَ اللَّهِ وَأَنْتُمْ مَسْئُولُونَ عَنِّي فَمَا أَنْتُمْ قَائِلُونَ قَالُوا نَشْهَدُ أَنَّکَ قَدْ بَلَّغْتَ وَأَدَّيْتَ وَنَصَحْتَ ثُمَّ قَالَ بِأُصْبُعِهِ السَّبَّابَةِ يَرْفَعُهَا إِلَی السَّمَائِ وَيَنْکُبُهَا إِلَی النَّاسِ اللَّهُمَّ اشْهَدْ اللَّهُمَّ اشْهَدْ اللَّهُمَّ اشْهَدْ ثُمَّ أَذَّنَ بِلَالٌ ثُمَّ أَقَامَ فَصَلَّی الظُّهْرَ ثُمَّ أَقَامَ فَصَلَّی الْعَصْرَ وَلَمْ يُصَلِّ بَيْنَهُمَا شَيْئًا ثُمَّ رَکِبَ الْقَصْوَائَ حَتَّی أَتَی الْمَوْقِفَ فَجَعَلَ بَطْنَ نَاقَتِهِ الْقَصْوَائِ إِلَی الصَّخَرَاتِ وَجَعَلَ حَبْلَ الْمُشَاةِ بَيْنَ يَدَيْهِ فَاسْتَقْبَلَ الْقِبْلَةَ فَلَمْ يَزَلْ وَاقِفًا حَتَّی غَرَبَتْ الشَّمْسُ وَذَهَبَتْ الصُّفْرَةُ قَلِيلًا حِينَ غَابَ الْقُرْصُ وَأَرْدَفَ أُسَامَةَ خَلْفَهُ فَدَفَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَقَدْ شَنَقَ لِلْقَصْوَائِ الزِّمَامَ حَتَّی إِنَّ رَأْسَهَا لَيُصِيبُ مَوْرِکَ رَحْلِهِ وَهُوَ يَقُولُ بِيَدِهِ الْيُمْنَی السَّکِينَةَ أَيُّهَا النَّاسُ السَّکِينَةَ أَيُّهَا النَّاسُ کُلَّمَا أَتَی حَبْلًا مِنْ الْحِبَالِ أَرْخَی لَهَا قَلِيلًا حَتَّی تَصْعَدَ حَتَّی أَتَی الْمُزْدَلِفَةَ فَجَمَعَ بَيْنَ الْمَغْرِبِ وَالْعِشَائِ بِأَذَانٍ وَاحِدٍ وَإِقَامَتَيْنِ قَالَ عُثْمَانُ وَلَمْ يُسَبِّحْ بَيْنَهُمَا شَيْئًا ثُمَّ اتَّفَقُوا ثُمَّ اضْطَجَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّی طَلَعَ الْفَجْرُ فَصَلَّی الْفَجْرَ حِينَ تَبَيَّنَ لَهُ الصُّبْحُ قَالَ سُلَيْمَانُ بِنِدَائٍ وَإِقَامَةٍ ثُمَّ اتَّفَقُوا ثُمَّ رَکِبَ الْقَصْوَائَ حَتَّی أَتَی الْمَشْعَرَ الْحَرَامَ فَرَقِيَ عَلَيْهِ قَالَ عُثْمَانُ وَسُلَيْمَانُ فَاسْتَقْبَلَ الْقِبْلَةَ فَحَمِدَ اللَّهَ وَکَبَّرَهُ وَهَلَّلَهُ زَادَ عُثْمَانُ وَوَحَّدَهُ فَلَمْ يَزَلْ وَاقِفًا حَتَّی أَسْفَرَ جِدًّا ثُمَّ دَفَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَبْلَ أَنْ تَطْلُعَ الشَّمْسُ وَأَرْدَفَ الْفَضْلَ بْنَ عَبَّاسٍ وَکَانَ رَجُلًا حَسَنَ الشَّعْرِ أَبْيَضَ وَسِيمًا فَلَمَّا دَفَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَرَّ الظُّعُنُ يَجْرِينَ فَطَفِقَ الْفَضْلُ يَنْظُرُ إِلَيْهِنَّ فَوَضَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَدَهُ عَلَی وَجْهِ الْفَضْلِ وَصَرَفَ الْفَضْلُ وَجْهَهُ إِلَی الشِّقِّ الْآخَرِ وَحَوَّلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَدَهُ إِلَی الشِّقِّ الْآخَرِ وَصَرَفَ الْفَضْلُ وَجْهَهُ إِلَی الشِّقِّ الْآخَرِ يَنْظُرُ حَتَّی أَتَی مُحَسِّرًا فَحَرَّکَ قَلِيلًا ثُمَّ سَلَکَ الطَّرِيقَ الْوُسْطَی الَّذِي يُخْرِجُکَ إِلَی الْجَمْرَةِ الْکُبْرَی حَتَّی أَتَی الْجَمْرَةَ الَّتِي عِنْدَ الشَّجَرَةِ فَرَمَاهَا بِسَبْعِ حَصَيَاتٍ يُکَبِّرُ مَعَ کُلِّ حَصَاةٍ مِنْهَا بِمِثْلِ حَصَی الْخَذْفِ فَرَمَی مِنْ بَطْنِ الْوَادِي ثُمَّ انْصَرَفَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَی الْمَنْحَرِ فَنَحَرَ بِيَدِهِ ثَلَاثًا وَسِتِّينَ وَأَمَرَ عَلِيًّا فَنَحَرَ مَا غَبَرَ يَقُولُ مَا بَقِيَ وَأَشْرَکَهُ فِي هَدْيِهِ ثُمَّ أَمَرَ مِنْ کُلِّ بَدَنَةٍ بِبَضْعَةٍ فَجُعِلَتْ فِي قِدْرٍ فَطُبِخَتْ فَأَکَلَا مِنْ لَحْمِهَا وَشَرِبَا مِنْ مَرَقِهَا قَالَ سُلَيْمَانُ ثُمَّ رَکِبَ ثُمَّ أَفَاضَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَی الْبَيْتِ فَصَلَّی بِمَکَّةَ الظُّهْرَ ثُمَّ أَتَی بَنِي عَبْدِ الْمُطَّلِبِ وَهُمْ يَسْقُونَ عَلَی زَمْزَمَ فَقَالَ انْزِعُوا بَنِي عَبْدِ الْمُطَّلِبِ فَلَوْلَا أَنْ يَغْلِبَکُمْ النَّاسُ عَلَی سِقَايَتِکُمْ لَنَزَعْتُ مَعَکُمْ فَنَاوَلُوهُ دَلْوًا فَشَرِبَ مِنْهُ

عبداللہ بن محمد نفیلی، عثمان بن ابی شیبہ، ہشام بن عمار، سلیمان بن عبدالرحمن، حضرت محمد باقر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دفعہ ہم جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پاس گئے جب ہم ان کے پاس پہنچے تو انہوں نے پوچھا کہ کون کون ہے؟ یہ نابینا تھے اس لئے سوال کیا) یہاں تک کہ میری باری آئی۔ میں نے کہا میں محمد بن علی بن حسین ہوں، پس انہوں نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور میرا اوپر کا دامن اٹھایا پھر نیچے کا دامن اٹھایا اور اپنا ہاتھ میری دونوں چھاتیوں کے درمیان رکھا ان دنوں میں جوان لڑکا تھا اور فرمایا تجھ کو خوشی ہو۔ تو اپنے لوگوں میں آیا اے بھتیجے جو تیرا جی چاہے پوچھ تو میں نے ان سے سوالات کئے وہ نابینا تھے جب نماز کا وقت آیا تو ایک کپڑا اوڑھ کر کھڑے ہوئے جو اس قدر چھوٹا تھا کہ ایک کندھے پر ڈالتے تو دوسرا کندھا کھل جاتا آخر کار اس کپڑے کو رکھ کر نماز پڑھائی اور ان کی چادر برابر میں ایک تپائی پر رکھی تھی (نماز سے فراغت کے بعد) میں نے ان سے کہا کہ مجھے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حج کا اصول بتائیے۔ انہوں نے ہاتھ کے اشارہ سے نو کا عدد بتلایا اور فرمایا کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مدینہ طیبہ میں نوسال تک رہے مگر حج نہیں فرمایا اس کے بعد دسویں سال لوگوں میں اعلان کر دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حج کو جانے والے ہیں۔ یہ سن کر بہت سے لوگ مدینہ میں آکر جمع ہو گئے ان میں سے ہر ایک کی یہ خواہش تھی کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کرے اور جو عمل آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا وہی عمل خود بھی کرے پس رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (حج کے ارادہ سے مدینہ سے نکلے) ہم بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ تھے جب ہم ذوالحلیفہ میں پہنچے تو اسماء بنت عمیس کے ہاں محمد بن ابی بکر کی پیدائش ہوئی انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے معلوم کروایا کہ اب میں کیا کروں؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا غسل کر کے کپڑے کا ایک لنگوٹ باندھ لے اور احرام باندھ پھر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے (ذوالحلیفہ کی مسجد میں) نماز پڑھی۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قصواء اونٹنی پر سوار ہوئے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اونٹنی بیداء کے میدان پر کھڑی ہوئی تو جابر کہتے ہیں کہ میں نے دیکھا جہاں تک میری نگاہ جاتی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دائیں بائیں آگے پیچھے پیدل اور سواروں کا ہجوم تھا اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے درمیان میں تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قرآن نازل ہوتا جاتا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کے معنی سمجھتے تھے اور ہم لوگ تو وہی کام کرتے تھے جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کرتے تھے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پکار کر لبیک کہا۔ یعنی میں حاضر ہوں تیری خدمت میں اے اللہ میں حاضر ہوں تیری خدمت میں۔ تیرا کوئی شریک نہیں۔ حاضر ہوں میں تیری خدمت میں سب تعریف اور نعمت تیرے ہی لئے ہے اور سلطنت بھی تیری ہی ہے اور تیرا کوئی شریک نہیں۔ اور لوگوں نے بھی اسی طرح لبیک کہی جس طرح دوسروں نے لبیک کہی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کو منع نہ فرمایا اور آپ اپنی لبیک کہتے رہے جابر کہتے ہیں کہ ہم نے صرف حج کی نیت کی تھی اور ہم (ایام حج میں) عمرہ کو نہیں جانتے تھے یہاں تک کہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ بیت اللہ پر آئے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجر اسود کو بوسہ دیا پھر تین پھیروں میں رمل کیا اور چار پھیروں میں معمولی چال سے چلے پھر آگے مقام ابراہیم کی طرف بڑھے اور یہ آیت پڑھی (وَاتَّخِذُوْا مِنْ مَّقَامِ اِبْرٰه مَ مُصَلًّى) 2۔ البقرۃ : 125) یعنی مقام ابراہیم کو نماز پڑھنے کی جگہ بناؤ مقام ابراہیم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اور کعبہ کے درمیان میں تھا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دو رکعتوں میں قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ اور قُلْ يَا أَيُّهَا الْکَافِرُونَ پڑھیں (یعنی پہلی رکعت میں قُلْ يَا أَيُّهَا الْکَافِرُونَ اور دوسری رکعت میں قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ) پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حجر اسود کے پاس تشریف لائے اور اس کو بوسہ دیا اس کے بعد مسجد کے دروازے سے کوہ صفا کی طرف نکلے جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صفا کے قریب پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے یہ آیت پڑھی (اِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَةَ مِنْ شَعَا ى ِرِاللّٰهِ ) 2۔ البقرۃ : 158) یعنی صفا مروہ اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں۔ شروع کرتے ہیں ہم سعی کو اس پہاڑ سے جس کا نام پہلے اللہ نے لیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سعی شروع کی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس پر چڑھ گئے یہاں تک کہ خانہ کعبہ کو دیکھ لیا پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ کی تکبیر کہی اور اس کی تو حید بیان کی اور فرمایا کوئی معبود نہیں سوائے اللہ کے وہ تنہا ہے اس کوئی شریک نہیں اسی کی بادشاہی ہے اور تعریف اسی کو سجتی ہے وہی زندگی دیتا ہے اور وہی موت دیتا ہے اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے کوئی معبود برحق نہیں سوائے اس کے اور وہ اکیلا ہے اس نے اپنا وعدہ پورا کر دکھایا اور اپنے بندے (محمد) کی مدد کی اور کافروں کے گروہوں کو شکست سے ہمکنار کیا۔ اور یہ کام تن تنہا کیا۔ پھر اس کے درمیان میں دعا کی اور انہی کلمات کو دہرایا۔ اس کے بعد مروہ جانے کے لئے پہاڑ سے اتر آئے جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قدم نشیب میں پہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وادی کے اندر دوڑ کر چلے۔ جب نشیب سے نکل کر اوپر چڑھنے لگے تو معمولی چال سے چلے یہاں تک کہ مروہ پر آئے اور وہاں بھی ایسا ہی کیا جیسا کہ صفا پر کیا تھا پھر جب آخر کا پھیرا مروہ پر ختم ہوا تو فرمایا اگر مجھے پہلے وہ حال معلوم ہوتا جو بعد کو معلوم ہوا تو میں اپنے ساتھ ہدی نہ لاتا اور حج کے بدلہ عمرہ کرتا لیکن تم میں سے جس کے پاس ہدی نہ ہو وہ احرام کھول ڈالے اور حج کو عمرہ میں بدل دے سب لوگوں نے احرام کھول ڈالا اور بال کتروائے مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اور جس کے ساتھ ہدی تھی اس نے احرام نہیں کھولا۔ سراقہ بن جعثم کھڑے ہوئے اور عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (حج کو عمرہ میں بدل دینے کا حکم) اسی سال کے لئے ہے یا ہمیشہ کے لیے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈال کر فرمایا دو مرتبہ عمرہ حج میں شریک ہو گیا۔ نہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے۔ راوی کہتے ہیں کہ حضرت علی یمن سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اونٹ لے کر آئے تو دیکھا کہ حضرت فاطمہ نے احرام کھول ڈالا ہے اور وہ رنگین کپڑے پہنے ہوئے ہیں اور سرمہ لگا رکھا ہے حضرت علی رضی اللہ نے اس کو فعل منکر خیال کیا اور پوچھا تمہیں ایسا کرنے کے لئے کس نے حکم دیا؟ انہوں نے جواب دیا کہ میرے والد (محمدصلی اللہ علیہ وسلم) نے حضرت جابر نے کہا کہ حضرت علی عراق میں کہتے تھے کہ میں فاطمہ کی شکایت کرنے کی غرض سے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس گیا کہ انہوں نے ایسا کیا ہے اور جب میں نے منع کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام لینے لگی۔ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ سچ کہتی ہیں پھر پوچھا تم نے احرام باندھتے وقت کیا نیت کی تھی؟ حضرت علی نے کہا میں نے یہ نیت کی تھی کہ اے اللہ میں اس چیز کا احرام باندھتا ہوں جس چیز کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے احرام باندھا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا۔ میرے ساتھ تو ہدی ہے پس اب احرام نہ کھولنا جابر نے کہا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہدی کے جتنے جانور مدینہ سے لائے تھے اور جتنے علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ یمن سے لائے تھے سب ملا کر سو ہوئے پس سب لوگوں نے احرام کھول ڈالا اور بال کتروائے مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اور جن کے ساتھ ہدی تھی انہوں نے احرام نہیں کھولا۔ جب یوم الترویہ ہوا (یعنی ذی الحجہ کی آٹھویں تاریخ ہوئی) تو سب لوگ منی کی طرف متوجہ ہوئے اور حج کا احرام باندھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سوار ہوئے اور منیٰ پہنچ کر ظہر وعصر کی اور مغرب و عشاء کی نماز پڑھی پھر دوسرے دن فجر کی نماز پڑھ کر تھوڑی دیر ٹھہرے یہاں تک کہ آفتاب نکل آیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خیمہ لگانے کا حکم فرمایا جو بالوں کا بنا ہوا تھا۔ وادی نمرہ میں (یہ حرم کی حد ہے) پھر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منیٰ سے عرفات کی طرف چلے اور قریش کو اس بات کا یقین تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مزدلفہ میں مشعر حرام کے پاس ٹھہریں گے جیسا کہ وہ زمانہ جاہلیت میں کیا کرتے تھے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ٹھہرے نہیں بلکہ آگے بڑھ گئے یہاں تک کہ عرفات میں پہنچے تو دیکھا کہ وادی نمرہ میں قبہ تیار ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس میں اترے جب آفتاب ڈھل گیا تو قصواء (اونٹنی کا نام) کو لانے کا حکم فرمایا اس پر پالان کسا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس پر سوار ہوئے یہاں تک کہ وادی کے اندر آئے اور لوگوں کے سامنے خطبہ دیا۔ فرمایا تمہاری جانیں اور مال تم پر حرام ہیں جیسا کہ اس شہر میں اس مہینہ میں آج کا دن حرمت والا ہے سنو آج زمانہ جاہلیت کی ہر بات میرے قدموں تلے پامال ہوگئی ہے اور زمانی جاہلیت کے سب خون معاف کردیئے گئے اور سب سے پہلا خون جو میں معاف کرتا ہوں وہ ربعیہ بن الحارث بن عبدالمطلب کا خون ہے۔ جو بنی سعد کا ایک دودھ پیتا بچہ تھا اور جس کو قبیلہ ہذیل کے لوگوں نے قتل کر ڈالا تھا اور جتنے سود زمانہ جاہلیت کے تھے سب موقوف ہوئے اور پہلا سود جو میں معاف کرتا ہوں وہ میرے چچا (عباس بن عبدالمطلب) کا سود ہے کیونکہ اب سود ختم ہو چکا ہے اور عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرو (یعنی ان کی حق تلفی نہ کرو) کیونکہ تم نے ان کو اللہ کی امان کے ساتھ اپنے قبضہ میں لیا ہے اور اللہ کے حکم سے تم نے ان کی شرمگاہوں کو اپنے اوپر حلال کیا ہے اور ان پر تمہارا یہ حق ہے کہ وہ تمہارے بستر پر کسی کو نہ آنے دیں جس کو تم ناپسند کرتے ہو (یعنی تمہاری مرضی و اجازت کے بغیر کسی کو گھر میں نہ آنے دیں) اگر وہ ایسا کریں تو ان کو مارو مگر اس طرح کہ نہ ان کی ہڈی ٹوٹے اور نہ کوئی زخم آئے اور تم پر ان کا حق یہ ہے کہ ان کو دستور کے مطابق کھانا کپڑا دو اور میں تم میں وہ چیز چھوڑ کر جا رہا ہوں کہ اگر تم اس کو پکڑے رہو گے تو کبھی گمراہ نہ ہو گے اور وہ ہے اللہ کی کتاب اور قیامت کے دن تم سے میرے متعلق پوچھا جائے گا (کہ تم تک اللہ کا ٹھیک ٹھیک پیغام پہنچایا یا نہیں) تو بتاؤ تم کیا کہو گے؟ اس پر سب لوگ بول اٹھے کہ ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہم تک اللہ کا پیغام پہنچا دیا اور اس کا حق ادا کر دیا اور نصیحت کی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انگشت شہادت کو آسمان کی طرف اٹھایا اور پھر لوگوں کی طرف جھکا کر فرمایا۔ اے اللہ تو گواہ رہ، اے اللہ گواہ رہ، اے اللہ تو گواہ رہ، پھر حضرت بلال نے اذان دی اور تکبیر کہی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ظہر کی نماز پڑھی پھر تکبیر کہی اور عصر کی نماز پڑھی اور ان دونوں کے درمیان کچھ نہیں پڑھا پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قصواء پر سوار ہوئے اور عرفات کے میدان میں آئے تو اپنی اونٹنی کا پیٹ پتھروں کی طرف کیا اور جبل مشاة کو (ایک جگہ کا نام) اپنے سامنے رکھا اور قبلہ کی طرف رخ کیا اور شام تک ٹھہرے رہے یہاں تک کہ آفتاب ڈوبنے کے قریب ہو گیا اور تھوڑی زردی کم ہوگئی جب سورج غروب ہو گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے پیچھے اسامہ کو بٹھایا اور عرفات سے مزدلفہ کی طرف لوٹے اور اونٹ کی باگ تنگ کی یہاں تک کہ اس کا سر پالان کے سرے سے آلگا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لوگوں کو داہنے ہاتھ سے اشارہ کرتے جاتے تھے کہ آہستہ چلو، اے لوگو آہستہ چلو، اے لوگوجب کسی بلندی پر آتے تو اونٹ کی باگ ذرا ڈھیلی کر دیتے تاکہ وہ چڑھ جائے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مزدلفہ میں آگئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وہاں مغرب اور عشاء کو جمع کیا ایک اذان اور دو تکبیروں کے ساتھ عثمان راوی نے کہا کہ دونوں نمازوں کے بیچ میں کچھ نہ پڑھا پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لیٹ گئے یہاں تک کہ فجر طلوع ہوگئی جب ان پر فجر کھل گئی تب فجر کی نماز پڑھی سلیمان نے کہا اذان اقامت کے ساتھ (اسکے بعد کے مضمون پر سب راوی متفق ہیں) کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سوار ہو گئے قصواء پر یہاں تک کہ مشعر حرام میں آئے اور اس پر چڑھے عثمان اور سلیمان نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قبلہ کی طرف رخ کیا اللہ کی حمد بیان کی اور تکبیر کہی اور عثمان نے یہ اضافہ کیا کہ اس کی تو حید بیان کی پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہیں ٹھہرے رہے یہاں تک کہ خوب روشنی ہوگئی پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سورج نکلنے سے پہلے وہاں سے روانہ ہوئے اور اپنے پیچھے فضل بن عباس کو بٹھایا فضل خوبصورت اور اچھے بالوں والے تھے جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہاں سے روانہ ہوئے تو عورتیں ہودوں میں بیٹھی تھیں فضل ان عورتوں کی طرف دیکھنے لگے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا ہاتھ فضل کے منہ پر رکھ دیا اور فضل نے اپنا منہ دوسری طرف کر لیا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ادھر ہاتھ رکھا انہوں نے دوسری طرف منہ پھیر لیا اور دیکھتے رہے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وادی محسر میں آئے جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وہاں پہنچے تو اپنی سواری کو تھوڑی سے حرکت دی (یعنی تیز چلایا) پھر دوسرے بیچ والے راستہ سے چلے جو جمرہ عقبہ پر لے جاتا ہے یہاں تک کہ اس جمرہ کے پاس آئے جو درخت کے پاس ہے پھر اس پر سات کنکریاں ماریں اور ہر کنکری پر تکبیر کہا اور ہر کنکری ایسی تھی جسے انگلی میں رکھ کر پھینکتے ہیں لیکن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے وادی کے اندر سے کنکریاں ماریں پھر وہاں سے لوٹ کر اپنے نحر کرنے کی جگہ آئے اور اپنے ہاتھ سے تریسٹھ اونٹوں کی نحر کی اور باقی کے واسطے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو حکم فرمایا پس حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے باقی اونٹوں کو نحر کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی ہدی میں حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو شریک کیا پھر حکم کیا ہر اونٹ میں سے ایک ایک پارچہ گوشت لینے کا وہ سب پارچے دیگ میں پکائے گئے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اور حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ان کو کھایا اور انکا شوربا پیا سلیمان نے کہا کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سوار ہوئے بیت اللہ کی طرف چلے اور مکہ میں ظہر کی نماز پڑھی اس کے بعد بنی عبدالمطلب کے پاس آئے اس حال میں کہ وہ زمزم کا پانی پلا رہے تھے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اے بنی عبدالمطلب پانی کھینچو اگر مجھے اس بات کا خوف نہ ہوتا کہ لوگ تمہارے پانی پلانے پر تمہیں مغلوب کرلیں گے تو میں بھی تمہارے ساتھ پانی کھینچتا انہوں نے ایک ڈول کھینچ کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف بڑھایا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس میں سے پانی پیا۔

یہ حدیث شیئر کریں